بلاگ نامہ

سال 2012 کے اہم ملکی واقعات کا احاطہ

سال 2012 بھی اپنے اندر بے شمار غم ، خوشیاں سمیٹے ختم ہوکر 2013 کو سامنے لے آیا ہے۔کہا جاتا ہے کہ ہر آنے والا نیا سال پچھلے سال سے کہیں زیادہ خطرناک ہوتا ہے ، اللہ کرے کہ ایسا نہ ہو۔ سال 2012 پاکستان کے لیئے بہت مشکل اور کٹھن ثابت ہوا۔کہیں کسی کے گھر دکھ بن کر گزرا تو کہیں کسی کے گھر خوشی بن کر۔پاکستان کے سب سے بڑے شہر ” روشنیوں کے شہر “ کراچی کے لیئے تو سال 2012 بہت ہی خطرناک ثابت ہوا ، جس میں روزانہ ٹارگٹ کلنگ کے ساتھ ساتھ پیش آنے والا ایک خطرناک حادثہ گارمنٹ فیکٹری میں لگنے والی آگ بھی شامل ہے۔اس تحریر میں 2012 کے دوران پیش آنے والے چند واقعات کا احاطہ کرنے کی کوشش کی ہے۔

دہشت گردی کے واقعات

پولیو ٹیموں پر حملے ، ملالہ پر حملہ جس کی مذمت دنیا بھر میں کی گئی ، رینجرز کے کراچی میں واقع ہیڈ کواٹر پر حملہ ، گارمنٹ فیکٹری میں لگنے والی آگ ، پشاور ایئر پورٹ پر حملے ، کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں اضافہ ، کامرہ ایئر بیس پر حملہ ، 21 ستمبر 2012 بروز جمعہ کو منائے جانے والے یوم عشق رسولﷺ کے دن پرتشدد واقعات میں 20 افراد کے قریب لوگ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ، صوبہ خیبر پختونخواہ کے سینئر وزیر بشیر احمد بلور پر قاتلانہ حملہ ہوا جس میں وہ جاں بحق ہوگئے ، کراچی کینٹ اسٹیشن کے باہر بس میں دھماکہ ہوا جس میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 40 کے قریب زخمی ہوئے ، ڈرون حملوں میں بے شمار افراد اپنی جاں کی بازی ہار گئے ، کھانسی کا شربت پینے سے کئی افراد جاں بحق ہوئے ، قبائلی علاقے لوئر اورکزئی میں ڈولی کے مقام پر ایک کوئلہ کی کان میں دھماکہ ہوا جس میں 7 کان کن جاں بحق ہوگئے۔

افسوس ناک واقعات

سب سے بڑا افسوس ناک واقعہ گستاخانہ فلم کا ہے جس کے خلاف پاکستان بھر میں شدید احتجاج کیا گیا ، بھوجا ایئرلائن کا طیارہ اسلام آباد کے قریب رہائشی علاقے میں گرکر تباہ ہوگیا جس میں کوئی بھی مسافر زندہ نہ بچ سکا ، سیاچن کے گیاری سیکٹر میں برفانی تودہ گرنے سے 138 فوجی جوان شہید ہوگئے ، بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ میں ملک بھر میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

اہم سیاسی واقعات

سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کو عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر توہین عدالت کا نوٹس جاری ہوا اور انہیں اپنے وزیراعظم کے عہدے سے برطرف ہونا پڑا جس کے بعد نئے وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف منتخب ہوئے ، عمران خان کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت دیکھنے میں آئی اور ان کا ووٹ بینک بنتا نظر آیا ، محترمہ بے نظیر بھٹو مرحومہ کی پانچویں برسی کے موقعہ پر بلاول بھٹو زرداری نے عملی طور پر سیاست میں شمولیت اختیات کی۔

کھیلوں کے اہم واقعات

کھیلوں کے حوالے سے پاکستان کے لیئے سال 2012 اچھا سال ثابت ہوا ، محمد آصف اسنوکر کے عالمی چیمپئن بنے ، چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ، پاکستان ایشیا کپ کبڈی جیتنے میں کامیاب ہوا ، ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی میں پاکستان نے فائنل میں بھارت کو شکت دے کر ٹورنامنٹ اپنے نام کیا ، اس کے علاوہ کرکٹ کے حوالے سے پاکستان نے ٹی ٹونٹی ورکڈ کب میں اچھی پرفارمنس دکھائی۔دسمبر میں پاک بھارت کرکٹ سیریز میں بھی پاکستان کی کارکردگی نمایاں ہے۔

دیگر واقعات

سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر سی این جی کی قیمت میں کمی کی گئی جس کے بعد سی این جی اسٹیشنز کی ہڑتالوں میں اضافہ ہوا ، وزیرداخلہ رحمان ملک کے حکم پر 2012 میں شاید دنیا میں سب سے زیادہ پاکستان میں موبائل نیٹ ورکس بند کیئے گئے۔

ان سب واقعات کو دل میں سمیٹے 2012 بھی رخصت ہوگیا ہے ، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ نیا سال 2013 پاکستان کے لیئے امن کا سال ثابت ہو ۔ آمین

2 تبصرے برائے “سال 2012 کے اہم ملکی واقعات کا احاطہ”

  1. کاش کہ میرے پڑھے لکھے ہموطن اپنی انا کو سُلا کر اور اندھی تقلید کو طلاق دے کر کم از کم سال 2012ء پر ہی ایک تحقیقی نظر ڈال کر اپنے مستقبل کو استوار کریں

تبصرہ کریں